: تازہ ترین

تازہ ترین ویڈیو

کوئٹہ:سول اسپتال میں خودکش دھماکہ جاں بحق افراد کی تعداد 70 ہو گئی


quetta blast August 8, 2016 | 8:38 PM

کوئٹہ :( نیوزآن لائن)کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ہونے والے خود کش دھماکے میں 70 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ،پہلے کوئٹہ میں بلوچستان بار کے صدر صدر بلال انور کاسی کی ٹارگٹ کلنگ ہوئی ،ان کی میت سول اسپتال کوئٹہ لائی گئی ،جسے وصول کرنے وکیلوں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچی تو دھماکا ہوگیا ۔دھماکے کے نتیجے میں نجی ٹی وی کے دوکیمرا ہ مین اور وکلاسمیت 70 افراد جان کی بازی ہار گئے۔دھماکے میں 108افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 25 کی حالت تشویش ناک ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکے میں8کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔زخمیوں کی بڑی تعداد اور لاشوں کو لے جانے کے لئے سول ہسپتال میں ایمبولینسیں کم پڑ گئیں جس کی وجہ سے زخمیوں کو نجی گاڑیوں میں دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔ دھماکے کے پیش نظر شہر کی تمام ایمبولینسوں کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ کے تمام ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔وزیراعظم نواز شریف نیدھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں عوام ، فورسز اور پولیس کی بے پناہ قربانیوں کے بعد امن بحال ہوا، کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے، دو شدیدزخمیوں کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ 20 زخمیوں کو ملٹری طیارے کے ذریعے ملک کے مختلف شہروں میں منتقل کیا گیاہے جبکہ ترجمان بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے آسان ہدف کو نشانہ بنایا ۔ خود کش دھماکے کو روکنے کے لیے سیکورٹی کے 4 افراد ناکافی ہوتے ہیں ۔ وزیرصحت بلوچستان رحمت اللہ بلوچ کا کہنا ہے دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔