: تازہ ترین

تازہ ترین ویڈیو

کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ،حکومت اور پولیس کی نا اہلی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن


hafiz naeem rehman June 1, 2019 | 3:03 AM

عید کی خریداری مشکل ہو گئی ہے،خواتین کے پرس و زیورات اور شہریوں سے موبائل فون چھیننے کی وارداتیں روزانہ ہو رہی ہیں
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ کراچی کے عوام عید کی شاپنگ اور عام آمد و رفت باآسانی بلا خوف و خطر کرسکیں
کراچی:(نیوزآن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شہر میں چوری و ڈکیتی ،لو ٹ مارکی وارداتوں اور اسٹریٹر کرائمز میں حالیہ دنوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا ہے ۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے اور عید الفطرکی آمد کے مو قع پر عام شہریوں بالخصوص خواتین کے لیے عید کی خریداری مشکل ہو گئی ہے ۔ خواتین کے پرس و زیورات اور شہریوں سے موبائل فون چھیننے کی وارداتیں روزانہ ہو رہی ہیں اور اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ حکومت اور پولیس کی نا اہلی اورناکامی ہے ۔کراچی میں پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائمز کے خلاف خصوصی مہم کا اعلان تو کیا جا چکا ہے تاہم صورتحال میں کوئی واضح بہتری نظر نہیں آرہی ،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کے عوام پہلے ہی پانی ، بجلی کی وجہ سے شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں ۔ اس کے باوجود حکومت نہ پانی کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے اور نہ بجلی کے نظام کو درست کرنے کے لیے اپنا کوئی کردار ادا کرتی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ماضی میں شہر میں امن و امان کی بد ترین صورتحال کی نسبت گزشتہ دنوں قانون نافذ کر نے والے اداروں کی کاروائیوں کے باعث حالات میں کچھ بہتری پیدا ہو ئی تھی مگر پھر جرائم پیشہ عناصر اور گروہ بڑے پیمانے پر چھینا جھپٹی اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں بلا خوف و خطر ملوث ہو گئے ہیں جس کے باعث عام شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہورہا ہے اور کاروباری طبقہ بھی پریشان ہے ۔ دکانداروں کو بھی لوٹا جارہا ہے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہریوں کا کوئی پُرسان ِ حال نہیںاس صورتحال کے باعث عوام کے اندر شدید بے چینی و اضطراب اورخوف وہراس پھیل رہا ہے ۔ضروری ہے کہ اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے ،انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس کی نااہلی ہے کہ جرائم پیشہ افراد اگر پکڑے جاتے ہیں تو کیس اتنے کمزور بنائے جاتے ہیں کہ ملزم سزا سے بچ جاتے ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کراچی کے شہریوں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کریںاور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث عناصر کے خلاف فوری عملی اقدامات کریں تاکہ کراچی کے عوام عید کی شاپنگ اور عام آمد و رفت باآسانی بلا خوف و خطر کرسکیں ۔