: تازہ ترین

تازہ ترین ویڈیو

وزیراعظم نیوزی لینڈجیسنڈا آرڈرن کا لیاقت بلوچ کو جوابی خط


liaqat baloch May 12, 2019 | 9:08 PM

لاہور :( نیوزآن لائن)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کو وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن کو لکھے گئے خط کا جواب موصول ہواہے جس میں جیسنڈا نے کرائسٹ چرچ کے سانحہ پر ہمدردی اور یکجہتی پر پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیراعظم نیوز ی لینڈ نے تحریر کیاہے کہ غم اور دہشتگردی کی المناک گھڑی میں حمایت اور ہمدردی سے نیوز ی لینڈ کے عوام کو بڑا حوصلہ ملاہے ۔ آپ جیسے ہزاروں افراد نے براہ راست اس سانحہ پر ہمدردی کا اظہار کیاہے جس پرمیں شکر گزار ہوں ۔
دریں اثنا لیاقت بلوچ نے شاہ کمال میں فہم قرآن کلاس اور اچھرہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان دہشتگردی کا مسلسل شکار ہے لیکن کنفیوزڈپالیسی کی وجہ سے پوری قوم کو کنفیوژن کا شکار کردیاگیاہے جبکہ جرأت مند ، مدبرانہ پالیسی کے ساتھ پوری قوم کو جسد واحد بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکمران مساجد ، مدارس ، دینی تعلیمات پر سیکولر ، مذہب بے زار حکمت عملی ترک کریں اور پاکستان و اسلام دشمن قوتوں کی طرف سے مسلط کردہ دہشتگردی اور انتہا پسندی ، عدم برداشت کے لیے نیا بیانیہ اور قومی لائحہ عمل اختیار کیا جائے ۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان کی عبادات میں نوجوانوں کا نمازوں کے لیے مساجد اور قرآن سننے کے لیے تراویح میں بڑی تعداد میں آنا اسلامی پاکستان کا اعلان ہے ۔ نوجوان اسلام اور پاکستان سے والہانہ عشق رکھتے ہیں ۔