: تازہ ترین

تازہ ترین ویڈیو

شکور پٹھان نے اپنے شہر کے بڑے ناموں کو یاد کرکے قابل قدر تحفہ دیا ہے، سحر انصاری


arts council September 12, 2016 | 7:02 PM

میرے شہر والے کتاب ایک نادر تصنیف اور قابل تعریف کتاب ہے، پروفیسر عنایت علی خان
ادب کی خدمت کرنا معاشرے کی خدمت کرنا ہے، نفیس احمد خان
کراچی: (نیوزآن لائن) شکور پٹھان نے اپنے شہر کے بڑے ناموں کو یاد کرکے قابل قدر اور قابل تحسین کام کیا ہے۔ یہ بات آرٹس کونسل آف پاکستان لائبریری کمیٹی سوشل اسٹوڈینٹس فورم اور سخن پارے کے اشتراک سے منعقدہ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر سحر انصاری نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عبدالشکور پٹھان ادب میں ایک ایسا اضافہ ہیں کہ جس کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی ہے اور اس کمی کو عبدالشکور پٹھان نے میرے شہر والے جیسی خوبصورت کتاب لکھ کر ہم سب شہر والوں کو تحفہ دیا ہے۔قبل ازیں سوشل اسٹوڈنٹس فورم کے چیئرمین نفیس احمد خان نے کہا کہ ادب کی خدمت کرنا، معاشرے کی خدمت کرنا ہے کیونکہ معاشرے ادب اور تہذیب کا گہوارہ ہوتے ہیں اور ہم فورم کے پلیٹ فارم سے ایسی تقریبات کا انعقاد کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ اس موقع پر تحسین عبید اللہ علیم، عارف مصطفی، عقیل عباس جعفری، معراج جامی نے بھی خطاب کیا۔ کتاب کے مصنف عبدالشکور پٹھان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن سے محبت ایک ایسا جذبہ ہے اس سے دور رہ کر بھی ذرا ماند نہیں پڑتا بلکہ اس کا احساس وطن سے دور جا کر کچھ زیادہ ہی ہوجاتا ہے۔ میں نے اپنے شہر کی خدمت کی نیت سے اس کتاب کو تحریر کرنے کی کوشش کی ہے۔ ابتدائی طور پر میں نے مختلف شخصیات کے بارے میں فیس بک پر لکھنا شروع کیا جسے پڑھ کر میرے ساتھیوں نے میری حوصلہ افزائی کی اور کچھ ساتھیوں نے کہا کہ اس تحریر کو کتابی شکل دینی چاہئے جو میرا بھی خواب تھا اور اللہ تعالیٰ نے میرے اس خواب کی تکمیل کردی اور آج یہ کتاب آپ لوگوں کے ہاتھوں میں ہے۔ اور جس طرح میری پذیرائی فورم کے اراکین اور میرے ساتھیوں نے کی ہے میں ان سب کا مشکور ہوں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر عنایت علی خان نے مصنف کی کاوش پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کسی بھی شعبے میں کتاب لکھنا ایک ناممکن کام ہے جسے احسن طریقے سے عبدالشکور پٹھان نے کتابی شکل دے کر ہم سب کو اپنا مقروض کردیا ہے۔ ہم انہیں اپنی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر سخن پارے کے صدر منیر پٹھان نے کتاب کی رونمائی کرتے ہوئے تمام مہمانوں کو اپنے بھائی عبدالشکور پٹھان کی کتاب پیش کی۔ اس تقریب کی میزبانی کے فرائض سلیم فاروقی صاحب نے نہایت احسن انداز سے ادا کیے۔ آخر میں فورم کے ادبی کمیٹی کے چیئرمین اور سیکریٹری نشر و اشاعت وقار زیدی نے تمام مہمانوں کا شکریہ اور لذت و کام و دہن کا اعلان کیا۔