: تازہ ترین

تازہ ترین ویڈیو

خصوصی بچوں کوصلاحیتوںکے اظہار کے لئے مواقع کی ضرورت ہے۔ سید قاسم نوید قمر


mu 2 November 3, 2019 | 5:59 PM

کراچی :( نیوزآن لائن) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ خصوصی بچے صلاحیتوں میں کسی سے بھی پیچھے نہیں۔ اگر ان کی صحیح رہنمائی ، تعلیم اور تربیت دی جائے تو وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں ، انہیں صرف اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لئے دوستانہ ماحول کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں دیوا کمپلیکس میں منعقدہ دیوا آگاہی میلے اور آرٹ نمائش کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی خالد عراقی اور سی ای او دیوا انسٹی ٹیوٹ رضوان احمد لودھی بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اور خصوصی بچوں کے بنائے گئے آرٹ ورک اور دیگر کاموں کی تعریف کی۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی پینٹنگز اور فنون کے دیگر کاموں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور انہیں مستقبل میں بھی مزید کام کرنے کی ترغیب دی۔ اس دورے کے دوران سی ای او دیوا رضوان احمد لودھی نے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر کو اپنی این جی او کی کارکردگی اور منصوبوں سے آگاہ کیا۔ سید قاسم نوید قمر نے مزید کہا ، ‘حکومت سندھ غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ قریبی روابط رکھتی ہے اور خاص کر ان تنظیموں کے ساتھ جو خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود اور بحالی کے لئے کام کر رہی ہیں اور ان کی کارکردگی کو سراہتی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور ابھارنے کے لئے اس طرح کی تقریبات کا باقاعدہ اہتمام کیا جانا چاہئے اور ہم سب کو ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام اسٹیک ہولڈرز ، جو خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور بحالی کے مقصد کے لئے کام کر رہے ہیں انہیں بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے ایک دوسرے سے قریبی روابط رکھنے چاہئیں۔