: تازہ ترین

تازہ ترین ویڈیو

حکومت کے معاشی افلاطونوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیاہے ۔ سراج الحق


ProfSirajulHaq-f March 31, 2019 | 10:57 PM

لاہور:(نیوزآن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کے معاشی افلاطونوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیاہے ۔ ماضی میں عوام کی خوشحالی اور لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لانے کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے اب روزانہ مہنگائی بڑھنے پر عوام کو برداشت کرنے کی تلقین کر رہے ہیں ۔ مہنگائی کے ستائے عوام بپھر گئے تو حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع بھی نہیں دیں گے ۔ حکومت اور نیب لٹیروں کو پکڑنے کے دعوے بہت کرتے ہیں لیکن کسی پر ہاتھ نہیں ڈالتے ۔ پانامہ کے 436 ملزم آزاد پھر رہے ہیں انہیں آج تک پوچھا نہیں گیا ۔ جب تک لوٹی گئی قومی دولت واپس نہیں آتی ، امداد اور قرضوں پر زیادہ دیرحکومت نہیں چلے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے مکہ مکرمہ سے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ حکومت نے سبز باغ دکھائو اور ڈنگ ٹپائو پالیسی اپنا رکھی ہے ۔ ادارے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں ۔ حکومت ٹامک ٹویاں مار رہی ہے ۔ حکومت کب تک” پکڑ لیں گے اور نہیں چھوڑیں گے ”کے نعروں پر چلتی رہے گی ۔ انہوںنے کہاکہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے حوالے سے صوبوں کے تحفظات دور ہونے چاہئیں ، خاص طور پر بلوچستان ، سندھ اور خیر پختونخوا کو ان کا حصہ ملنا ضروری ہے اور فاٹا کے لیے این ایف سی ایوارڈ میں مختص کیا گیا تین فیصد حصہ فوری دیا جانا چاہیے تاکہ وہاں ترقیاتی کاموں اور بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر کا آغاز ہو سکے ۔ انہوںنے کہاکہ اٹھارویں ترمیم میں صوبوں کو دیے گئے حقوق پر سیاست کی بجائے وفاق کو اپنے وعدوں پر عملدرآمد کی طرف توجہ دینی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ خطے کی صورتحال اور آئے روز بھارتی اشتعال انگیزیوں کے پیش نظر قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے ۔ عمران خان تحریک انصاف کے نہیں ، پورے ملک اور عوام کے وزیراعظم ہیں ، انہیں مخالفتیںبڑھانے کی بجائے انہیں کم کرنے کی طرف توجہ دینی چاہیے ۔