: تازہ ترین

تازہ ترین ویڈیو

بزم ظرافت کے تحت تاجدار ظرافت مشتاق احمد یوسفی صاحب کی سالگرہ


Pic-Nafis September 8, 2016 | 8:06 PM

کراچی:(نیوزآن لائن)ادبی تنظیم بزم ظرافت کے اور آرٹس کونسل کی ادبی کمیٹی کے زیراہتمام طنزو مزاح کی اقلیم کے تاجدار مشتاق احمد یوسفی کی 95 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی کہ جس میں شہر کی سرکردہ علمی و سماجی شخصیات  نے شرکت کیـ اس تقریب کی صدارت معروف مزاح گو شاعر پروفیسر عنایت علی خان نے کی اور نظامت کے فرائض سید نصرت علی نے نبھائے جبکہ مہمان خصوصی جسٹس (ریٹائرڈ) وجیہ الدین تھےـ بزم ظرافت کے صدر سید عارف مصطفیٰ نے یوسفی صاحب کی تایخ پیدائش کے حوالے سے یہ وضاحت کی کہ جو تاریخ پیدائش انٹرنیٹ پہ موجود ہے وہ غلط ہے اور اور انکا سن پیدائش 1923 نہیں بلکہ 1921 ہے انہوں نے بزم ظرافت کے پلیٹ فارم سے مختلف مواقع پہ وقتاً فوقتاً نئے مزاح نگاروںکی تخلیقات کو بھی منظر عام پہ لانے کااعلان کیا ۔ دیگر نمایاں مقررین  میں ڈاکٹر ساجدہ سلطانہ نے یوسفی صاحب کی تحریروں کے چند منتخب حصے سنائے  ،ڈاکٹر آفتاب مضطر نے یوسفی صاحب کے لیئے لکھی گئی اپنی منفرد مدحیہ نظم پیش کی کہ جس کے الگ الگ اشعار میں یوسفی صاحب کی پانچوں کتابوں کے نام سموئے گئے تھے جبکہ آمنہ عالم نے ایک دلکش مضمون میں یوسفی صاحب کے تخلیقی محاسن کا جائزہ پیش کیا اور انکے چند تخلیقی نمونے بھی سنائے۔ڈاکٹر جاوید منظر نے عالم تخیل میں یوسفی سے مکالمے پہ مبنی ایک خوبصورت تاثراتی نظم پیش کی نامور محقق و قادرالکلام شاعر عقیل عباس جعفری نے بھی مشتاق احمد یوسفی کے کمال فن کے اعتراف پہ مبنی اک توصیفی نظم سنائی اور انکے حوالے سے اپنی یادوں کا احوال بیان کیا ـ بزم اساتذہ اردو کی معتمد شہناز نصیر نے مشتاق یوسفی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قومی اثاثہ قراردیا اور انکی درازیء عمر اور صحت کی استواری کے لیئے دعا کی ـ تقریب کے صدر معروف مزاح گو شاعر پروفیسر عنایت علی خان نے یوسفی صاحب سے اپنی متعدد ملاقاتوں کا احوال سنایا اور انکے متعدد دلچسپ جملے بھی سنائے ـ حاضرین کے پرزور اصرار پہ عنایت علی خان صاحب سے انکا شگفتہ کلام بھی سنا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی جسٹس وجیہ نے اپنی تقریر میں مزاح کو ادب کی مشکل تین صنف قرار دیتے ہوئے اسے مختلف انسانی رویوں کو سمجھنے میں بہت مددگار ٹہرایا اور یوسفی صاحب کو اس میدان کا حقیقی مرد قرار دیا۔ انہوں نے یوسفی صاحب کی سالگرہ کی اس تقریب کی بھی بہت پزیرائی کی اور اس طرح کی  مثبت عملی و سماجی سرگرمیوں کو وقت کا ناگزیر تقاضا قرار دیاـ تقریب کے آخر میں صدر تقریب اور مہمان خصوصی نے بزم ظرافت کے صدر عارف مصطفی، مجلس عاملہ کے رکن نفیس احمد خان، میر حسین علی امام و دیگر کے ساتھ ملکر یوسفی صاحب کی سالگرہ کا کیک کاٹا اورپھر بزم ظرافت کے نائب صدر شیخ طارق جمیل نے آخر تک موجود رہنے اور تقریب کامیاب بنانے پہ حاضرین کا دلی شکریہ ادا کیا ۔ شام ظرافت و سالگرہ کی اس شاندار تقریب کا اختتام ضیافت پہ ہوا۔