: تازہ ترین

تازہ ترین ویڈیو

بارہ مئی واقعہ میں ملوث سابق صدر پرویز مشرف سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کرکے کٹہرے میں لایا جائے۔ پاکستان پیپلزپارٹی


527500-ppp-1364415145-852-640x480 May 12, 2019 | 9:14 PM

کراچی:(نیوزآن لائن)پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے سانحہ بارہ مئی کیس کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اورکہاہے کہ 45 شہدا کے لواحقین آج بھی انصاف کے لیے ترس رہے ہیں،بارہ مئی واقعہ میں ملوث سابق صدر پرویز مشرف سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کرکے کٹہرے میں لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہارپیپلزپارٹی کراچی کے صدرصوبائی وزیرسعید غنی، صوبائی سیکریٹری جنرل وقارمہدی،پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں راشد ربانی،جاوید ناگوری، لیاقت آسکانی، اقبال ساند نے سانحہ بارہ مئی کے شہداء کی یاد میں پیپلزسیکریٹریٹ کراچی میں منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرلالہ عبدالرحیم، عمران بلوچ،سردار خان اور وقاص شوکت سمیت دیگررہنما اورکارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔تعزیتی اجتماع میں سانحہ بارہ مئی کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اورمغفرت کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ صوبائی وزیربلدیات سعید غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ بارہ مئی کی جس طرح پیروی ہونی چاہئیے تھی ویسے نہیں ہوئی اس دن جو لوگ شہید ہوئے وہ عدلیہ کی آزادی کیلئے جاری جدوجھد میں شریک تھے۔ انہوں نے موجودہ چیف جسٹس سے گزارش کی کہ بارہ مئی واقعے کو ٹیک اپ کریں،اس دن جو کچھ ہواسب اس کے گواہ ہیں۔ صوبائی وزیرسعید غنی نے کہاکہ بارہ مئی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر ہرسال یاد رکھاجائے گا اس دن ریاستی دہشتگردی ہوئی تھی بارہ مئی کو حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی تھی۔ انہوں نے کہاکہ سابق چیف جسٹس نے بے تحاشہ ازخودنوٹس لئے لیکن اس نے بارہ مئی کیس کا نوٹس نہیں لیا،جس طرح بارہ مئی کیس کا نوٹس لیناچاہئیے تھا وہ نہیں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے مطالبہ کرتاہوں کہ بارہ مئی کیس کا ازخود نوٹس لیاجائے اورخصوصی بینچ بناکر کیس سناجائے بارہ مئی واقعہ میں ملوث پرویز مشرف سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کرکے کٹہرے میں لایاجائے۔ صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ مجھے توہین عدالت کا نوٹس ملا ہے اگلی سماعت میں عدلیہ کے سامنے حاضر ہووں گا۔ پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل وقارمہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے جبکہ تاریخ پرویزمشرف کو کھبی معاف نہیں کرے گی، 12مئی کے شہداء کا لہو قاتلوں کا مرتے دم تک پیچھا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مکے اور اپنی طاقت دکھانے والا آج بزدلوں کی طرح ملک سے فرار ہے، مئیرکراچی بارہ مئی کے موقع پر مشیر داخلہ سندھ تھے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن برقرار رکھنے کے لیے ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کو دوبارہ سرگرم نہیں ہونے دیا جائیگا اس ضمن میں سندھ حکومت نے بلاتفریق اقدامات اٹھائے ہیں یہی وجہ ہے کہ کراچی کی روشنیاں اب بحال ہو چکی ہیں اور سندھ حکومت نے پولیس اور رینجرز کی مدد اور تعاون سے دہشتگردوں کا سر کچل دیا ہے۔ وقارمہدی نے کہاکہ بارہ مئی کاواقعہ ہرسال یاد رکھاجائے گا۔12مئی کے شہداء کے لواحقین آج بھی انصاف کیلئے ترس رہے ہیں۔