: تازہ ترین

تازہ ترین ویڈیو

بااثر وڈیروں، زمینداروں سے ٹیکس وصول کیا جائے: ڈاکٹر سلیم حیدر


dr saleem haider MIT June 30, 2019 | 7:47 PM

شہری علاقوں سے 92فیصد اور دیہی علاقوں سے حکومت کو 8فیصد ٹیکس ملتا ہے
متعصب سندھی وڈیرہ شاہی ٹیکس8فیصد اور مراعات 80فیصد وصول کرتی ہے
کراچی:(نیوزآن لائن)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسوں کی وصولی کیلئے سندھ کے بااثر زمینداروں، وڈیروں، جاگیرداروں کیخلاف بھی کارروائی کرے جو صرف 8فیصد ٹیکس دیتے ہیں اور 80 فیصد مراعاتیں حاصل کرتے ہیں ۔ جبکہ سندھ کے شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والے مہاجر صنعتکار، تاجر اور عوام جو 92 فیصد ٹیکس دیتے ہیں انہیں صرف 20فیصد وسائل دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی بھی مکمل طورپر متعصب وڈیرہ شاہی حکومت کے نرغوں میں ہے ۔ کراچی کے مہاجر جو اس ملک کی معیشت کو چلاتے ہیں ان کے ساتھ سب سے زیادہ زیادتی کی جارہی ہے ۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص سمیت شہری علاقوں کو نہ تو ترقیاتی فنڈز دیتی ہے اور نہ ہی یہاں روزگار کے مواقعے فراہم کئے جارہے ہیں۔ تعلیم پر بھی متعصب وڈیروں اور سندھی نسل پرستوں کا قبضہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر وں کو ناکردہ جرم کی سزا دی جارہی ہے ۔ ملکی دولت کو لوٹنے والے زمینوں اور جائیداد پر قبضہ کرنے والے سندھی النسل وڈیروں، سیاستدانوں کو لوٹ مار کی کھلی چھٹی دیدی گئی ہے جبکہ مہاجر جو سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں انہیں ہی بنیادی سہولیات سے محروم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں 70 سال سے مہاجروں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ۔ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو مہاجروں میں پائی جانے والی احساس محرومی خطرناک صورتحال اختیار کرسکتی ہے جو ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور کرپٹ لوگوں کو سخت سے سخت سزا کی خواہش رکھتے ہیں لیکن یہ حکومت بھی کرپٹ عناصر کیخلاف بھرپور کارروائی کرنے کے بجائے بیک ڈور چینل سے ان سے مفاہمت کررہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔